لاہور (آن لائن)پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے نجی ہسپتالوں میں علاج معالجہ کے اخراجات، فیس مشورہ اور ٹیسٹوں کی قیمتیں تجویز کر دی ہیں ،جو بنیادی لاگت،مناسب شرح منافع اور ہسپتالوں کی درجہ بندی کومدنظر رکھ کر دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ایک رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تجویز کی گئی فیسوں اور قیمتوں میں بنیادی لاگت کے علاوہ اضافی خرچ اور25فیصد منافع کا عنصر بھی شامل ہے ۔ سینئر ترین ڈاکٹرز کی موجودہ زیادہ سے زیادہ معائنہ فیس پانچ ہزار روپے سے کم کر کے2,500روپے،جنرل وارڈ 16,000سے 32,00روپے،آئی سی یو22,000سے 15,500روپے، الٹراساؤنڈ 3,500 سے 1,300روپے اورایم آر آئی کے زیادہ سے زیادہ 20,000روپے کے ریٹ کو کم کر کے5,500روپے تجویز کیا گیا ہے ۔مزید برآں کمرہ کا کرایہ 69,000روپے سے کم کر کے سہولیات کے تناسب کے تحت زیادہ سے زیادہ 4,400سے 20,000روپے تجویز کر دیا گیا ہے۔اسی طرح صحت کی باقی خدمات بشمول زیادہ ہونے والے آپریشنزکی فیسیں، تھیٹرز کے چارجز اور لیبارٹری کے ٹیسٹوں کی قیمتوں میں واضح کمی کی تجویز ہے،جس سے مریضوں کے اخراجات میں 500فیصدتک کمی آئے گی۔ترجمان کے مطابق تجویز کردہ قیمتوں کا اطلاق سپریم کورٹ کے حکم کے بعدصوبہ بھر کے نجی ہسپتالوں میں کر دیا جائے گا۔ مذکورہ رپورٹ کمیشن کی ویب سائٹ www.phc.org.pkپراپ لوڈ کر دی گئی ہے ۔