راولپنڈی(آئی این پی)چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کی سیاسی اور عسکری قیاد ت سے ملاقاتیں کیں جس دورا ن دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیاگیا امیر قطر نے پاکستان کے افغانستان سمیت پورے خطے میں امن واستحکام کیلئے ادا کئے گئے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا قطری وزیراعظم نے سیکیورٹی سمیت باہمی تعاون کو مزید وسیع کرنے اور نئی جہت دینے کی گہری خواہش کا اظہار کیا،
پاک فوج کے سربراہ نے قطری عسکری و سیاسی قیادت کو پیشہ ورانہ اور متاثر کن پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد، افغانستان میں امن کیلئے مسئلہ افغانستان کے مذاکراتی سیاسی حل کیلئے کی جانے والی جاری حمایت پر ان کا شکریہ اور تمام باہمی منصوبوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ قطر پہنچے جہاں انہوں نے قطر کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ پریڈ میں شرکت کی ۔ اس دوران آرمی چیف نے قطر کے مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل سٹاف(پائلٹ) غنیم بن شاہین الغنیم کو پیشہ ورانہ اور متاثر کن پریڈ کے انعقاد پر مبارکباد دی ۔ قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی ۔ اس دوران امیر قطر نے پاکستان کے افغانستان سمیت پورے خطے میں امن واستحکام کیلئے ادا کئے گئے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا جبکہ آرمی چیف نے افغانستان میں امن کیلئے مسئلہ افغانستان کے مذاکراتی سیاسی حل کیلئے کی جانے والی جاری حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کو وسعت دینے کے حوالے سے اقدامات اٹھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قطر کے وزیراعظم اور وزیرداخلہ شیخ عبداللہ بن نصیر بن خلیفہ الثانی سے بھی ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران قطری وزیراعظم نے سیکیورٹی سمیت باہمی تعاون کو مزید وسیع کرنے اور نئی جہت دینے کی شدید خواہش کا اظہار کیا ۔ آرمی چیف نے انہیں تمام باہمی منصوبوں میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔