اسلام آباد(این این آئی)وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان ہمیشہ کیلئے بدلنے والا ہے ٗ ہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے جس میں نچلے طبقے کو اوپر لایا جائے گا ٗموجودہ حکومت جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے پر عزم ہے ٗانشااللہ جنوبی پنجاب ایک ترقی یافتہ خطہ بنے گا۔وزیراعظم عمران خان سے ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم آفس میں ملاقات کی
جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور نعیم الحق اور قومی اسمبلی میں چیف وہپ ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ ممبران قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم کی مخلص اور دیانت دار قیادت میں ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہے۔ ممبران قومی اسمبلی نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے اور وہاں ترقی و خوشحالی کا سفر شروع کرنے کیلئے جو وژن وزیراعظم نے دیا ہے پہلے کسی حکومت نے نہیں دیا جس کیلئے ہم وزیراعظم کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ ملاقات میں جنوبی پنجاب میں انتظامی خودمختاری کے امور کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور وزیراعظم نے جنوبی پنجاب کے حوالے سے اپنے روڈ میپ کی تکمیل کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ کے لیے بدلنے والا ہے ٗہمارا مقصد پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانا ہے جس میں نچلے طبقے کو اوپر لایا جائے گا۔ اللہ تعالی نے ہمیں قدرتی و معدنی وسائل سے مالامال کیا ہے ٗ بدقسمتی سے ماضی میں ملک کی ترقی اور وسائل کو بروئے کار لانے کی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ ممبران قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے حلقوں میں عوامی مسائل،جنگلات و زراعت کی ترقی اور فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ بنانے کے لیے پر عزم ہے۔
جنوبی پنجاب کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کے نظریے پر 2018ء کے الیکشن میں بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔ انشااللہ جنوبی پنجاب ایک ترقی یافتہ خطہ بنے گا۔ ملاقات میں ممبران قومی اسمبلی کے حلقوں میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے وزیراعظم آفس میں سینئرافسر کے تحت پبلک افیئرز ونگ کو فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا جو صوبوں سے بھی مستقل رابطے میں ہوگا۔ ملاقات میں اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژنل سطح پر ممبران قومی اسمبلی کی
کمیٹی تشکیل دی جائے گی جوعوامی مسائل کا مقامی قیادت کی مشاورت اور صوبائی حکومت کے تعاون سے حل یقینی بنائے گی۔ ممبران قومی اسمبلی میں محترمہ شیریں مزاری، محترمہ زرتاج گل وزیر ، محمد شبیر علی قریشی ، مخدوم باسط بخاری ، عامر طلال گوپنگ، عبدالمجید خان نیازی ، نیاز احمد جکھڑ خواجہ شیراز محمود ، محمد امجد فاروق خان کھوسہ ، سردار محمد خان لغاری ، سردار محمد جعفر خان لغاری ، سردار نصراللہ خان دریشک اور سردار ریاض محمود خان مزاری شامل تھے۔