کراچی (نیوز ڈیسک)ضلع گھوٹکی کی رہائشی خاتون نے زمین پر قبضے اور خاندان کے دو افراد کے پراسرار لاپتہ ہونے کے خلاف منگل کو کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ ضلع گھوٹکی کی رہائشی خاتون صائمہ بھٹو نے کہا کہ میں تحصیل اوباڑو باہولی پیر محمد کی رہائشی ہوں ۔ ایس ایچ او کلب عباس شاہ جنہیں سیاسی سرپرستی حاصل ہے ، انہوں نے ہماری ساڑھے 8 کینال زمین پر قبضہ کرکے وہاں موجود سامان کو بھی غائب کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ایس ایچ او کو جام مہتاب اور
دو وڈیروں محمد یوسف اور کامران کی سرپرستی حاصل ہے ، جس کی وجہ سے متعلقہ تھانے میں ہماری شکایت درج نہیں کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے والد رحمت اللہ بھٹو اور کزن شاہ نواز بھٹو کو بھی پراسرار طور پر غائب کر دیا گیا ہے ۔ ان تمام تر معاملات کی تفصیل ہم نے سپریم کورٹ آف پاکستان ، آئی جی سندھ اور ایس ایس پی گھوٹکی کو بھیج دی ہے ۔ انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ہماری درخواست پر ازخود نوٹس لے کر کارروائی کی جائے ۔