اسلام آباد(این این آئی)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہاہے کہ انہیں اپنی گرفتاری کا کوئی خوف نہیں۔ پیر کوپارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کے لئے آنیوالے سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری سے صحافی نے سوال کیا کہ آپ نہیں سمجھتے کہ موجودہ حالات میں نواز شریف کے ساتھ بیٹھنا چاہیے؟ جس پر سابق صدر نے کہا کہ آپ کیا کہتے ہیں جو آپ کہیں گے وہ کریں گے؟۔ صحافی نے کہا کہ آپ تو مفاہمت کے بادشاہ ہیں، جس پر آصف زرداری نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں تو مان لیتے ہیں۔صحافی نے
آصف زرداری سے سوال کیا کہ کیا رواں ہفتے آپ کی نواز شریف سے ملاقات متوقع ہے؟ جس پر آصف زرداری نے کہا کہ آپ کروالیں کہہ دیں، جو حکم کریں، صحافی نے کہا اسلام آباد میں آپ کی گرفتاری کی باتیں گردش کر رہی ہیں، سابق صدر نے جواب دیا کہ آپ کو ہمیشہ یہی خوف رہتا ہے لیکن مجھے کوئی خوف نہیں۔صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے قبل ازوقت انتخابات کے حوالے سے بیان دیا ہے آپ کو کس نے بتایا ہے کہ انتخابات قبل ازوقت ہوں گے، جس پر آصف زرداری نے مسکراتے ہوئے جواب دیا ‘‘اشارہ ‘‘۔