مری (مانیٹرنگ ڈیسک) مری میں سیاح خاتون پر گزشتہ روز تشدد کیا گیا، اس تشدد کے بعد مقامی پولیس نے بھی خاتون کی کوئی مدد نہ کی لیکن سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اعلیٰ حکام خصوصاً وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس واقعہ کا نوٹس لیا اور پولیس حرکت میں آ گئی، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق سیاح خاتون سے ہوٹل ایجنٹ کی بدتمیزی پر 9 ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا لیکن تاحال پولیس نامزد ملزم ندیم
کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے، اس کے علاوہ مری میں ہوٹل ایجنٹس کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی، اب کوئی بھی ایجنٹ سیاحوں کو اپنے ہوٹل لے جانے پر مجبور نہیں کر سکے گا۔ رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کی صدارت میں تمام نمائندہ تنظیموں کے ہونے والے اجلاس میں ہوٹل ایجنٹس مافیا کے خلاف دفعہ 144 نافذ کر دی گئی اور ہوٹل ایجنٹس کے لیے یونیفارم پہننے کی پابندی اور سیاحوں کی سیکیورٹی کے لیے پیس فورس بنائی جائے گی۔