لاہور(این این آئی) صوبائی وزیرقانون محمد بشارت راجہ کے ترجمان نے میڈیا پر ان سے متعلق وائرل ہونے والی آڈیو ٹیپ کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان وزیر اعظم پاکستان اور عثمان بزدار وزیر اعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے باعث روزانہ متعدد لوگ اپنے مسائل کے حل کیلئے وزراء سے رابطہ کرتے ہیں۔ لوگوں کے مسائل کو متعلقہ محکمہ جات اور افسران تک پہنچانا اور ان کو حل کروانا حکومتی اراکین کی ذمہ داری ہے۔ ڈاکٹر اریبہ کے معاملے میں وہ ان کا
مسئلہ متعلقہ افسر کے نوٹس میں لائے اور اس کے حل کے لیے کہا جو کہ کسی صورت میں بھی غیر قانونی نہ ہے۔ مسئلہ کو حل کرنے یا نا کرنے کا انحصار متعلقہ افسر پر ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے متعلقہ افسر کے خلاف نہ کوئی تادیبی کارروائی کی ہے اور نہ ہی اس کے متعلق کچھ تحریر کیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ وزیر صحت پنجاب نے اس سلسلہ میں حقائق جاننے کے لیے متعلقہ سینئر حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے جس کے آنے پر تمام صورت حال واضح ہو جائے گی۔