لاہور(اے این این ) پنجاب کے جن وزرا نے 100 روز میں ناقص کارکردگی دکھائی ان کے قلمدان تبدیل کیے جانے اور کابینہ میں مزید توسیع کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں پی پی 168لاہورسے منتخب ہونے والے اسد کھوکھر کو صوبائی وزارت داخلہ کی اہم ترین ذمہ داری ملنے کا امکان ہے جو کہ تا دم تحریر وزیر اعلیٰ کے پاس ہے۔اسد کھوکھر این اے 136میں شکست کے بعد حال ہی میں پی پی 168 سے ایم پی اے منتخب ہوئے ہیں۔مزیدبراں پی ٹی آئی رہنما صمصام بخاری کو بھی صوبائی کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
قیادت کی جانب سے صمصام بخاری کو صوبائی وزیر اطلاعات بنانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا ہے تاہم پی ٹی آئی رہنما نے فی الحال اس پر آمادگی کا اظہار نہیں کیا ہے۔صمصام بخاری قومی اسمبلی کا الیکشن ہارنے کے بعد ضمنی الیکشن میں رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ابتدائی طور پر پی ٹی آئی حکومت نے پنجاب میں 27 رکنی کابینہ تشکیل دی تھی جس میں متعدد بار اضافے کے بعد کابینہ ارکان کی تعدد 44 تک جا پہنچی ہے اور موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سے صوبائی کابینہ کا حجم مسلسل بڑھ رہا ہے۔