اسلام آباد(آن لائن)رواں ماہ کے اختتام تک پاکستان کو مزید دو ارب ڈالر سے زائد ملنے کا امکان ہے سعودی عرب کے بعد پاکستان کے بہترین دوست چین کی جانب سے بھی پاکستان کو مالیاتی پروگرام ملنے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ ذرائع کے مطابق سی پیک منصوبے کے فریم ورک کے تحت پاکستان کو دو ارب ڈالر سے زائد ملنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ ہفتے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان مذکرات کااہم دور بھی متوقع ہے ۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق چینی حکام کے ساتھ وزارت خزانہ اور پاکستان سٹیٹ بنک کے اعلی حکام مذکرات کریں گے
جس کے بعد چین کی جانب سے مالیاتی پروگرام شارٹ ٹرم قرضے کے طور ملنے کا امکان ہے چین سے ملنے والے قرض کے باعث پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہو گا اور پاکستان کی مالیاتی مشکلات میں بھی کمی ہوجائیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کے جاری کھاتوں میں خسارہ بڑھتا جارہا ہے اور پاکستان کو ادائیگیاں بھی کرنا ہیں اور اگر پاکستان کو چار سے پانچ ارب ڈالر دوست ممالک سے مل جاتے ہیں تو پاکستان کو آئی ایم ایف سے کم پیسے لینا ہونگے اور آئی ایم ایف کی شرائط بھی نرم ہوجائیں گی۔