اسلام آباد(آئی این پی)سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے سبب ملک کے اسٹاک ایکسچینج کو شدید دھچکا لگا ہے، حکومتی پالیسیوں کے باعث روپے کی قدر میں کمی ہو رہی ہے جس سے ملک پر معاشی دباؤ میں اضافہ رہا ہے۔
سابق وزیر خزانہ نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتی پالیسیوں کے سبب سرمایہ کاری میں شدید کمی ہوئی ہے۔ کراچی ، لاہور اور اسلام آباد کی اسٹاک ایکسچینج کا انضمام مسلم لیگ کی حکومت کا شاندار کارنامہ تھا انہوں نے بطور وزیر خزانہ تینوں اسٹاک ایکسچینج کا انضمام کرکے قومی اسٹاک ایکسچینج قائم کی۔موجودہ حکومت ملک کو تباہی کی جانب لے جاچکی ہے حکومتی پالیسیوں کے باعث ملک کے قرضوں میں 3500ارب رو پے اضافہ ہوچکا ہے۔ اس وقت ضرورت یہ ہے کہ معاشی دیوالیہ سے بچنے کیلئے انتظامی اور فزکل اقدامات اٹھائے جائیں ۔ تحریک انصاف کی موجودہ معاشی پالیسی مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری پالیسیوں کے سبب پاکستان جی 20گروپ کا حصہ بننے والا تھا تاہم اب صورت حال بدل چکی ہے اور ملک پیچھے کی جانب جارہا ہے۔ اسٹاک ایکسچینج مندی کا شکار ہے اور یہ موجودہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی معاشی پالیسیوں کے سبب ملک کے اسٹاک ایکسچینج کو شدید دھچکا لگا ہے، حکومتی پالیسیوں کے باعث روپے کی قدر میں کمی ہو رہی ہے جس سے ملک پر معاشی دباؤ میں اضافہ رہا ہے۔