اسلام آباد (آئی این پی) حکومت پاکستان نے پوسٹ آفس کو منافع بخش بنانے کیلئے تمام سرکاری محکموں کو ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ آئندہ اپنی ڈاک صرف اور صرف پاکستان پوسٹ آفس سے بھجوائیں اور اس پر عملدرآمد نہ کرنیوالے محکموں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان پوسٹ آفس کو نجی پرائیویٹ کورئیر کمپنیوں کی وجہ سے مالی خسارے کا سامنا ہے
جس کو دور کرنے کیلئے حکومت نے تمام سرکاری محکموں کو آئندہ ہر قسم کی ڈاک پاکستان پوسٹ آفس سے بھجوانے کی ہدایت جاری کی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سرکاری ڈاک کی مد میں سالانہ اربوں روپے پرائیویٹ کورئیر کمپنیوں کو ادا کئے جاتے ہیں اب یہ تمام رقم پاکستان پوسٹ آفس کو جائیگی جس سے پاکستان پوسٹ آفس کی آمدن میں اضافہ اور خسارے کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔