اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سانحہ اے پی ایس جیسے ایک اور حملے کا خطرہ ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک بھر میں بھارتی اور افغان خفیہ ایجنسیاں خون کی ہولی کھیلنے کی تیاری اور منصوبہ بندی کر چکی ہیں۔ وفاقی حکومت نے چاروں صوبائی حکومتوں کو اس ضمن میں خبردار کر دیا ہے کہ
بھارتی خفیہ ایجنسی’’ را‘‘ اور افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس ملک میں ایک مرتبہ پھر سے آرمی پبلک سکول پشاور پر ہونے والے حملے کی طرز پر ملک میں کسی اہم عمارت یا پھر سیاسی شخصیت پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر چکی ہیں۔وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے تھریٹ الرٹ میں چاروں صوبائی حکومتوں کو خبردار کیا گیا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کی برسی رواں ماہ 16 دسمبر کو ہے ۔بھارتی خفیہ ایجنسی ”را” اور افغانستان کی خفیہ ایجنسی ”این ڈی ایس” نے سانحہ آرمی پبلک سکول جیسی کارروائی دوبارہ دہرانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے ، اسی خطرے کے پیش نظر کسی بھی ممکنہ تخریب کاری اور دہشتگردی کو روکنے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے جائیں، اہم سیاسی شخصیات اور اہم عمارتوں کی سکیورٹی کے لیے سخت اقدماات کیے جائیں تاکہ دشمن کے خطرناک اور ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔وزارت داخلہ کی جانب سے بھجوائے گئے الرٹ کے موصول ہونے کے بعد حکومت سندھ نے فوری طور پر صوبہ بھر میں ریڈ الرٹ جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے پولیس ارو رینجرز کو حفاظتی انتظامات سخت کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے۔