اسلام آباد(نیوزڈیسک)گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ نے کہاہے کہ اکتوبر میں بینک اسلامی کا سسٹم ہیک ہوا تھا جس کے نتیجے 60 لاکھ ڈالر کے مساوی رقم چوری ہوکر بیرون ملک بھجوائی گئی۔ جمعرات کو یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ رواں برس اکتوبر میں بینک اسلامی کا سسٹم ہیک ہوا اور بیرون ملک 60 لاکھ ڈالر کی ٹرانزیکشن ہوئیں تاہم کسی انفرادی اکاونٹ ہولڈر کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ متعلقہ بینک، انشورنس کمپنی اور کارڈ کمپنی کے درمیان
ہے، بینکوں کے سسٹم میں بہتری لائی گئی ہے ٗاب مستقبل میں بھی تمام انفرادی اکاونٹ محفوظ ہیں۔گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ سعودی عرب سے فنڈز جلد مل جائیں گے، سعودی عرب سے فنڈز ایک ماہ کے اندر آنا شروع ہونے تھے ٗہماری ٹیم سعودی عرب میں موجود ہے، سعودی عرب سے آئندہ ماہ موخر ادائیگی پر تیل کی فراہمی بھی شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں ڈالر ناپید ہو تو اسٹیٹ بینک بھی خریداری نہیں کرتا اور جب ڈالر کی قیمت گر جاتی ہے تو اسٹیٹ بینک بھی تب ہی ڈالر خریدتا ہے۔