اسلام آباد( آن لائن ) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے رولنگ دی ہے کہ وزیر اطلاعات فوادچوہدری نے اپنے رویے پر معافی نہ مانگی تو جاری سیشن میں ان کے داخلے پر پابندی لگادیں گے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا تو سینیٹر شیری رحمان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیراطلاعات اپنے رویے پر معافی مانگیں نہیں تو ہم دیکھتے ہیں ایوان کیسے چلتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی وزرا ہر وقت چور اور ڈاکو کہتے رہتے ہیں اس طرح رویہ
کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔سینیٹر راجہ ظفرالحق نے کہا کہ سیاسی بدمزگی کا علاج ہمارے پاس نہیں ہے۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ وزیراطلاعات فواد چوہدری آتے ہیں اور ایوان کا ماحول خراب کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قائد ایوان کا احترام کیا، وزیراطلاعات آتے ہیں اور ایوان میں آگ لگا دیتے ہیں، یہ وزیر ہیں یا غنڈہ پالا ہوا ہے۔اپوزیشن نے فواد چوہدری کے خلاف ایوان سے واک آؤٹ کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وزیراطلاعات معافی نہیں مانگتے ہم ایوان میں نہیں بیٹھیں گے۔