اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف اور چینی کمیونسٹ پارٹی نے باہمی روابط کو مزید مستحکم اور فعال بنانے پر اتفاق کیا ہے اور اس سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط پر کر دیئے ۔ ہفتہ کو چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد کی پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر مرکزی سیکرٹری جنرل تحریک انصاف ارشد داد کی جانب سے نہایت پرجوش خیر مقدم کیا گیا۔
کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ایشیا بیورو کی ڈائریکٹر جنرل سن ہائی یان نے چینی وفد کی قیادت کی ، پانچ رکنی وفد میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے دیگر عہدیداران اور چینی سفارتخانے کے حکام شامل تھے۔ تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اعزاز آصف اور چیف فنانشل آفیسر سراج خان اور رکن صوبائی اسمبلی عائشہ چوہدری بھی موجود تھی ۔وفود کی ملاقات میں پاک چین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر ارشد داد نے کہا تحریک انصاف چین کیساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت کی نگاہ سے دیکھتی ہے، تحریک انصاف غربت میں کمی کے چینی تجربے سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاک چین-اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے مابین بااعتماد تعلقات کا شیریں ثمر ہے۔ بھرپور خیرمقدم پر چینی وفد نے جانب سے تحریک انصاف کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور انتخابات میں کامیابی اور حکومت کے قیام پر مبارکباد دی اور تحریک انصاف کی حکومت کیلئے نیک تمنا ؤ ں اور خواہشات کا اظہار کیا ۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں نے باہم روابط مزید مستحکم اور فعال بنانے پر اتفاق کیا اور مفاہمت کی یاداشت پر دستخط پر کیے ۔ اس موقع پر چینی وفد نے تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کو دورہ چین کی دعوت دی ۔