کراچی(این این آئی)کراچی کے حلقے این اے 243 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں وفاقی حکومت کے اتحادی ضمنی انتخاب میں آمنے سامنے آگئے، حلقے میں ایک دوسرے کے پڑوسی اب حریف امیدوار کی حیثیت سے آمنے سامنے ہونگے۔قومی اسمبلی کی نشست این اے 243 پر ایم کیوایم اور پی ٹی آئی کے امیدوار ایک ہی محلے کے رہائشی ہیں ، دونوں جماعتوں نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے بجائے،این اے 243 پر اپنے اپنے امیدوار اتار دیئے ہیں۔پی ٹی آئی کے امیدوار عالمگیر خان اور ایم کیوایم کے عامر چشتی محلے دار ہیں
اور دونوں ہی گلشن اقبال بلاک 7 کے رہائشی ہیں۔فکس اٹ کے بانی عالمگیر خان اپنے پڑوسی کا تھوڑا بہت بھی خیال رکھیں گے یا پھر وزیراعظم عمران خان کی جیتی ہوئی نشست پر کامیابی کے لیے کچھ بھی کرجائیں گے۔دوسری جانب ایم کیوایم بھی حلقے میں اپنے انتخابی دفاتر کے افتتاح میں مصروف ہے، متحدہ کے امیدوار عامر چشتی کا کہناہے کہ پڑوسیوں کے آمنے سامنے آنے سے محلہ بٹے گا نہیں، بلکہ اس میں حلقے کا ہی فائدہ ہے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی نشست این اے 243 پر ضمنی انتخاب 14 اکتوبر کو ہوگا۔