کراچی(این این آئی) ڈائریکٹر جنرل قومی ادارہ بحریات ڈاکٹر آصف انعام نے کہا ہے کہ کراچی کے قریب 3 پلیٹوں کے سنگم پر خطرناک سونامی کا امکان کم ہے۔چین کے بحری جہاز نے رواں سال جنوری میں مکران ساحل پر کم پانی میں تیل و گیس کے ذخائر پر اسٹڈی کی جبکہ پاک، چائنا زیر سمندر فالٹ لائن پر خصوصی ریسرچ کے حوصلہ افزا ابتدائی نتائج بھی سامنے آئے ہیں۔ڈائریکٹر قومی ادارہ بحریات ڈاکٹر آصف انعام کے مطابق کراچی کے قریب 3 پلیٹوں کے سنگم پر خطرناک
سونامی کا امکان کم ہے ٗ یوریشین، عربین اور انڈین پلیٹ کی زیر زمین حرکت توقعات سے کم نکلی ہے۔حکام کے مطابق کراچی سے 120 کلومیٹر دور زیرسمندر تین ٹیکٹونک پلیٹس کا سنگم فعال نہیں، دنیا کے دیگر علاقوں میں ایسے مقام بہت فعال ہوتے ہیں تاہم اللہ کا شکر ہے کہ ایک پلیٹ کے دوسری کے نیچے دھنسنے کا عمل بھی سست ہے۔دوسری جانب رواں سال دسمبر میں ایک اور ایڈوانس جہاز پاکستان آئیگا جو مکران کے ساحل پر تیل و گیس کے ذخائر کے حوالے سے چند تجربات بھی کرسکتا ہے۔