اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نویجت سدھو کیساتھ وکرم مہتا کی بھی عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت ، وکرم مہتا اور عمران خان کی کیسے جان پہچان ہوئی، وکرم مہتا کی بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو ۔ تفصیلات کے مطابق نویجت سدھو کے ساتھ ایک اور معروف بھارتی شخصیت نے عمران خان کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی ہے جن کا نام وکرم مہتا ہے ۔
وکرم مہتا بھارت کے معروف بزنس مین ہیں اور کئی بین الاقوامی آئل کمپنیوں میں ذمہ داریاں ادا کر چکے ہیںجو کہ یورپ اور انڈیا میں قائم ہیں۔ ان کا طویل ترین وقت بین الاقوامی آئل کمپنی شیل میں بطور چیئرمین کے گزرا ہے۔ وکرم مہتا اس وقت بروکنگز انڈیا کے چیئرمین ہیں ۔ وکرم مہتا کا تعلق روایتی ہندو خاندان سے ہے جس کے افراد زیادہ تر سرکاری ملازمتوں سے وابستہ ہیں۔ یہاں یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ وکرم مہتا کے دادا اور والد بھارتی سفارتکار رہ چکے ہیں اور ان کے دادا نے کچھ عرصہ پاکستان میں بطور سفیر تعیناتی بھی گزارا ہے۔ وکرم مہتا کے والد بھارتی سیکرٹری خارجہ کے عہدے سے ریٹائر ہوئے ہیں۔ وکرم مہتا کی ہمشیرہ وجے کماری خان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرنے والے مسلمان سلمان خان کی اہلیہ ہیں جن کے پاکستان میں نہایت مضبوط روابط موجود ہیں۔ ان کے خاوندکے والد راجہ آف محمد آباد محمد عامر احمد خان ہیں جو کہ تقسیم ہندوستان اور قیام پاکستان کے بہت بڑے حامی اور آل انڈیا مسلم لیگ کے بہت بڑے مالی سپورٹر بھی تھے اور قیام پاکستان اور تقسیم ہند کیلئے نہایت سرگرم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ بنی گالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وکرم مہتا کا کہنا تھا کہ وہ عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے پاکستان آئے ہیں اور ان کا اور عمران خان کا ساتھ 45سال پرانا ہے اور وہ آکسفورڈ میں نہ صرف ایک ساتھ پڑھتے رہے ہیں بلکہ ایک ہی کلاس میں تھے۔