لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار محمد خان لغاری نے پنجاب میں وزارتِ اعلیٰ کا امیدوار ہونے کی تردید کر دی ہے۔سردار محمد خان لغاری عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی نشست این اے 192 ڈیرہ غازی خان 4 اور پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 292 ڈی جی خان 8 سے کامیاب ہوئے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سرداری محمد خان لغاری کا کہنا ہے کہ وہ بحیثیت رکن قومی اسمبلی حلف اٹھا چکے ہیں اور وہ
پنجاب اسمبلی کی جیتی ہوئی نشست سے مستعفی ہو چکے ہیں ۔واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب بننے کے امیدواروں میں علیم خان، فواد چوہدری، میجر (ر)طاہر، ڈاکٹر یاسمین راشد کے نام سامنے آچکے ہیں جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے نوجوان ایم پی اے مراد راس کا بھی نام اسی فہرست میں آچکا ہے اور ان کو بھی وزارت اعلیٰ پنجاب کی دوڑ میں اہم کھلاڑی قرار دیا جا رہا ہے۔