پشاور(آن لائن) خیبرپختونخوا اسمبلی کے نو منتخب اراکین کے لئے جامعہ پشاور میں تربیتی پروگرام شروع کیا گیا ہے جس میں ان کو اسمبلی کے آداب سیکھائے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کے نو منتخب اراکین کے لئے ایک تربیتی پروگرام شروع کیا گیا ہے یہ پروگرام 6 دن جاری رہے گا جس میں اسمبلی کے اراکین کو بتایا جائے گا کہ
اسمبلی میں تحریک کیسے پیش ہوتی ہے ۔ قانون سازی کس طرح سے عمل میں لائی جاتی ہے ۔ اس پروگرام سے متعلق جامعہ پشاور کے پروفیسر ڈاکٹر حسین کا کہنا تھا کہ جب اسمبلی میں نئے اراکین آتے ہیں تو ان کو اسمبلی کے آداب کا پتہ نہیں ہوتا جس کی وجہ سے اسمبلی میں ہلڑ بازی اور لڑائی جھگڑے ہوتے ہیں ۔ اس پروگرام کا مقصد اراکین کو آگاہ کرنا ہے کہ اسمبلی کس طرح چلائی جاتی ہے ۔