اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یائو جنگ نے کہا ہے کہ چینی وزیراعظم 20اگست کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کوبذات خود ٹیلیفون کرکے مبارکباد دیں گے اور دوطرفہ امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے جبکہ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک چین تعلقات میں مزید نکھار لانے کی ضرورت ہے۔ جمعرات کو چین کے سفیر یائو جنگ نے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی،ملاقات کے دوران چینی سفیر نے شاہ محمود قریشی
کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ چینی سفیر نے تحریک انصاف کی حکومت کیلئے نیک تمنائوں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں پاک چین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چینی قیادت پاکستان میں نئی حکومت کے ساتھ قریبی مراسم یک خواہاں ہے، چینی وزیراعظم بذات خود عمران خان سے بات کرنا چاہیں گے، چینی وزیراعظم 20اگست کو چیئرمین تحریک انصاف کو ٹیلیفون کریں گے اور عمران خان کو مبارکباد دیں گے۔