راولپنڈی (نیوز ڈیسک)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں نواز شریف نے ملاقات کے دوران پارٹی رہنمائوں کو بتایا کہ بیماری کے دوران مجھے جیل میں چیک کرنے والا ڈاکٹر روپڑا اور اس نے بتایا کہ آج مجھے گردش حالات پر رونا آیا ہے۔ جمعرات کو مسلم لیگ ن کے قائداور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سے (ن )لیگی رہنما ئوں
نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات کیلئے آنے والے رہنمائوں میں سینیٹر مشاہد حسین سید، میر حاصل بزنجو، پرویز ملک ،طلال چوہدری، زبیر محمود اور غلام دستگیر کے علاوہ صاف پانی کمیشن کے سابق سربراہ قمرالاسلام کے بچوں نے ملاقات کی۔ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں میاں نوازشریف ،مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈمحمد صفدر نے سفید شلوار قمیض پہن رکھی تھی جبکہ دوران ملاقات مریم نواز مگ میں چائے پیتی رہیں ۔نواز شریف نے ملاقات کرنے والوں سے مختلف امور پر گفتگو کی اس دوران انہوں نے پارٹی رہنمائوں سے کہا کہ ہم نے ملک کی خدمت کی ہے،تاہم مشکل وقت آتا ہے اور چلا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے جس پر وہ ان کے مشکور ہیں،انہوں نے بتایا کہ جیل میں علاج کے دوران مجھے چیک کرنے والا ڈاکٹر روپڑا تھا۔مریم نواز نے قمرالاسلام کی بیٹیوں کو پیار کیا اور کہا کہ بچوں گھبرانا نہیں ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ملاقات کے دوران اس موقع پر لیگی رہنما سینیٹرمشاہد حسین سید نے نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز اسمبلی میں عمران خان کو ٹف ٹائم دیا،وہ کافی پریشان تھے۔اس پر مریم واز نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہاں میں نے بھی اخبار میں پڑھا ہے کہ عمران خان اسمبلی میں پریشان دکھائی دئیے۔واضح رہے کہ کل قومی اسمبلی اجلاس کے دوران سپیکر کے انتخاب کے بعد مسلم لیگ ن نے اسمبلی میں احتجاج شروع کر دیا تھا اور اس موقع پر ن لیگ کی خاتون رکن اسمبلی نے نواز شریف اور مریم نواز کی تصاویر اسمبلی میں لہرا دیں جبکہ اس دوران تحریک انصاف اور ن لیگ کے اراکین کے درمیان تلخ جملوں اور نعروں کا تبادلہ ہواتھا۔