اسلام آباد (این این آئی) قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے دوران شازیہ مری نے خواتین کے احترام میں کھڑے نہ ہونے پر نومنتخب اسپیکر اسد قیصر سے شکوہ کردیا۔پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے اسد قیصر سے کہا کہ ووٹ ڈالنے آنے والے مرد ارکان سے آپ کھڑے ہوکر مل رہے ہیں تاہم خواتین اراکین کے لیے آپ اپنی نشست سے نہیں اٹھ رہے ٗشازیہ مری نے اسد قیصر سے شکوے میں کہا کہ تمام ارکان برابر ہیں اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے بھی ٹوئٹر پر احتجاج کیا اور نومنتخب
اسپیکر کے مرد ارکان سے ملنے کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ نومنتخب اسپیکر صرف مرد ارکان اسمبلی کیلئے نشست سے اٹھ رہے ہیں، خواتین اراکان اسمبلی کے لیے اسپیکر اپنی نشست سے نہیں اٹھ رہے، کیا یہ ہے نیا پاکستان؟اس معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وضاحت جاری کی ہے ان کا کہنا ہے کہ میں خواتین کا سب سے زیادہ احترام کرتا ہوں، ایوان سب کے ساتھ مل کرچلاؤں گا۔شازیہ مری کی نشاندہی پر اسپیکر اسد قیصر ووٹ ڈالنے والی خواتین ارکان کیلئے بھی کھڑا ہونا شروع ہوئے۔