اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف صحافی کامران خان نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سادگی اور پروٹوکول سے پاک شاہانہ انداز اگر سرکاری افسران کو اپنانا ہے تو اس کی مثال ہمارے پاس موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخصیت اس کی مثال ہیں جس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ جنہوں نے وزیر اعظم کی پوزیشن کو استعمال کیا۔
لیکن انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں ایک منٹ بھی نہیں گزارا۔وہ شخصیت سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی تھے۔ ہر لحاظ سے وہ پروٹوکول سے پاک تھے اور کسی بھی دن انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں قیام نہیں کیا۔ اس کی کوئی خبریں نہیں آئیں، وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد بھی وہ اپنے ذاتی گھر میں رہتے تھے۔وہ وعدے جو عمران خان اب کر رہے ہیں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی پہلے ہی اس کا عملی نمونہ پیش کر چکے ہیں۔انہوں نے تصاویر بھی دکھائیں جن میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو سڑک پر بیٹھے ناشتہ کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ انہیں بارہا بغیر پروٹوکول بیرون ملک سفر کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ کامران خان نے کہا کہ ایک وزیراعظم کے لیے بغیر پروٹوکول رہنا کتنا مشکل ہے ؟ لوگوں نے عمران خان کے وزیراعظم ہاؤس میں نہ رہنے کے اعلان کے بعد انہیں کھسکا کھسکا کر وزیراعظم ہاؤس کے اندر تو پہنچا ہی دیا ہےاور اب کہا گیا ہے کہ شاید عمران خان وزیراعظم ہاؤس کے اندر ہی رہیں گے لیکن برابر میں کسی گھر میں رہیں گے۔واضح رہے کہ عمران خان نے اپنی پہلی تقریر میں کہا تھا کہ انہیں وزیراعظم ہاؤس جیسی شاہانہ جگہ رہتے ہوئے شرم آئے گی۔