اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)قومی اسمبلی میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا انتخاب، شہباز شریف اور ن لیگ والے اجلاس کے بجائے کہاں پہنچ گئے، اسمبلی میں بیٹھے عمران خان کو بھی شہباز شریف کا بے چینی سے انتظار ۔ تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے آج کے اجلاس میں سپیکر و ڈپٹی کا انتخاب ہونا ہے اور ایسے میں شہباز شریف سمیت ن لیگ کے متعدد رہنما نواز شریف کی احتساب عدالت
میں پیشی پر موجود ہیں اور اسمبلی نہیں آئے ہیں۔ قومی اسمبلی اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کر رہے ہیں اور انہوں نے اسمبلی اجلاس میں سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے حوالے سے رولز پڑھ کر سنائے۔ ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اگر ممبران کی زیادہ تعداد نہ آئی تو ان کا انتظار کیا جائے گا اور ان کے آنے تک یہ انتخاب نہیں ہو سکے گا۔ کوشش ہو گی کہ انتظار کریں اور زیادہ ممبران اس انتخاب کا حصہ بن سکیں۔ اس موقع پر ایاز صادق نے کہا کہ دعا کریں آپ لوگوں کو 7یا آٹھ گھنٹے انتظار نہ کرنا پڑے کیونکہ ممبران کی زیادہ تعداد موجود نہیں اور الیکشن ایسی صورت میں نہیں ہو سکتے۔ واضح رہے کہ پیپلزپارٹی اراکین بلاول بھٹو سمیت اسمبلی اجلاس میں آچکے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے اراکین عمران خان سمیت ایوان میں موجود ہیں جبکہ دیگر جماعتوں کے اراکین بھی ایوان میں موجود ہیںمگر ن لیگ کے اراکین شہباز شریف کے ہمراہ نواز شریف کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت میں موجود ہیں ۔ شہباز شریف نے گزشتہ روز اہم رہنمائوں کے ہمراہ نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر احتساب عدالت جانے کا اعلان کیا تھا، دوسری جانب آصف زرداری ایوان میں تاحال موجود نہیں جبکہ متعدد اراکین بھی اس وقت اسمبلی میں موجود نہیں ۔سپیکر قومی اسمبلی نے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب میں مدمقابل امیدواروں کا بھی اعلان کر دیا ہے۔