اسلام آباد(آن لائن)سندھ کی نامور سیاسی شخصیت غوث بخش مہر نے پاکستان تحریک انصاف کی طرف سے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے نامزد امیدواروں کو ووٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کے تسلسل کو بڑھانے کے لئے حق داروں کو ان کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا۔وزارت عظمیٰ کے لئے عمران خان ان کے فیورٹ ترین امیدوار ہیں۔گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے نامزد سپیکر کے لئے امیدوار اسد قیصر نے غوث بخش مہر سے ملاقات کی
جس کے نتیجے میں غوث بخش مہر نے انہیں یقین دلایا کہ وہ اپنا ووٹ پاکستان تحریک انصاف کو ہی دینگے۔دوسری جانب جمہوریت کا حسن بھی یہی ہے کہ ووٹ کے حق دار کو ووٹ خود ہی پہچان لیتا ہے ۔ادھر سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے کہا کہ جی ڈی اے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کرتی ہے گزشتہ روز حلف اٹھانے کے بعد خوشی ہوئی کہ جمہوریت دن بدن پنپ رہی ہے اور انتقال اقتدار ابھی ہونا باقی ہے انشاء اللہ ایک دو دن میں وہ مرحلہ بھی مکمل کرلیا جائے گا۔کے پی کے اور بلوچستان سے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کا چناؤ خوش آئند ہے ، چھوٹے صوبوں کو نمائندگی دینا قابل تعریف ہے ۔اس موقع پر اسد قیصر نے دونوں رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا اور انہوں نے وعدہ کیا کہ ہم عہد کرتے ہیں کہ قائداعظم کے پاکستان کی تکمیل کیلئے کوئی بھی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور انشاء اللہ نیا پاکستان بنے گا۔اسد قیصر کا کہنا تھا کہ سابق اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ کے پاس جانے کا مقصد ان کی حمایت حاصل کرنا تھا کیونکہ ہم اسمبلی کو منصفانہ طریقے سے چلانا چاہتے ہیں اور جمہوریت کا حسن بھی اسی میں مضمر ہے کہ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے ۔پاکستان پیپلزپارٹی ہو یا ن لیگ ان کو عوام نے جو مینڈیٹ دیا ہے ہم اس کا احترام کرتے ہیں۔