اسلام آباد (آن لائن)چیئر مین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کیخلاف ہیلی کاپٹر کا غیر قانونی استعمال کا نوٹس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کے لئے تمام متعلقہ دستاویزات کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے۔
نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے عہدہ سنبھالتے ہی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہوئے سوات میں اپنے والدین کی قبروں پر حاضری دی تھی اور فاتحہ پڑھی تھی۔ قانون کے تحت کوئی بھی عہدے دار سرکاری وسائل ذاتی مفادات کے لئے استعمال نہیں کر سکتا۔ چیئر مین نیب پر نگران وزیراعظم کیخلاف کارروائی کرنے کا سخت دباؤ ہے اور اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم سے جواب طلبی کی جائے گی۔ اس مقصد کے لئے نیب حکام نے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال بارے تمام متعلقہ دستاویزات متعلقہ اداروں سے حاصل کر کے چھان بین شروع کر دی ہے ۔ نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ چیئر مین ذاتی حیثیت میں بدھ کے روز متعلقہ دستاویزات کا جائزہ لیں گے اور نگران وزیراعظم ناصر الملک کیخلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کریں گے۔ یاد رہے کہ نگران وزیراعظم جسٹس ناصر الملک بھی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں اور دونوں شخصیات کے آپس میں گہرے مراسم ہیں اب دیکھنا ہے کہ چیئر مین نیب قانون کی بالادستی کو کس طرح یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریں گے۔