اسلام آباد (این این آئی)امریکہ نے یوم آزادی پاکستان کے پرمسرت موقع پر پاکستان کی عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے مشترکہ اہداف کے حصول کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ روز امریکی سفارتخانے کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یوم آزادی پاکستان کے موقع پر امریکی وزیرخارجہ مائیکل آر پومپیو نے امریکی حکومت کی جانب سے پاکستانی عوام کو مبارک باد ی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی حکومت کی جانب سے
پاکستان کی عوام کو مبارک باد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سات عشروں سے زائد عرصے سے دونوں ممالک کی عوام کے مابین مضبوط روابط قائم ہیں اور یہی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہو جائیںگے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء میں سلامتی ، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول میں ہم پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کام کی خواہش رکھتے ہیں۔