لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء جہانگیر خان ترین نے کہا ہے کہ ہماری حکومت پنجاب کے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو تبدیل کر دے گی اور اس ترمیم کے ذریعے مقامی حکومتوں کو مزید اختیارات دیئے جائیں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق جہانگیرترین نے مسلم لیگ (ق) کے رہنماء چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی ۔ملاقات میں تحریک انصاف کے رہنما علیم خان اور اسحاق خاکوانی بھی موجود تھے۔ جہانگیرترین نے پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے تحریک انصاف کی حمایت کرنے پر
چوہدری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اب پنجاب میں تحریک انصاف کو واضح اکثریت حاصل ہو گئی ہے اور ہماری صوبائی حکومت اپنے اتحادیوں ، بالخصوص مسلم لیگ (ق) کے ساتھ قریبی اشتراک سے کام کرے گی۔ہماری اتحادی حکومت صوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں پر سب سے زیادہ توجہ دے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت پنجاب کے لوکل گورنمنٹ ایکٹ کو تبدیل کر دے گی اور اس ترمیم کے ذریعے مقامی حکومتوں کو مزید اختیارات دیئے جائیں گے۔