کراچی(نیوز ڈیسک) پی آئی اے کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر مشرف رسول سیاں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نئے پاکستان میں پی آئی اے پہلا قومی ادارہ ہوگا جس کی حالت تبدیل ہوگی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیڈ آفس میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مشرف رسول نے کہاکہ پی آئی اے کے بیڑے میں جلد ہی نئے جدید طیارے شامل کریں گے اور ہم حکومت کو کہیں گے کہ اپنے بزنس پلان میں پی آئی اے کی معاونت کریں، بہت جلد پالیسی تبدیل کرکے پی آئی اے کا نقصان مکمل ختم کردیں گے۔انہوں نے
کہا کہ پی آئی اے نے دس ماہ میں روینیو میں اضافہ کیا ہے، مشکل حالات ضرور ہیں لیکن مناسب منصوبہ بندی سے اس مشکل سے نکل سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ملازمین ادارے کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں اچھی پرفارمنس پر ملازمین کو مراعات بھی دی جائیں گی ،پی آئی اے کے شعبہ انجنیئرنگ میں طیاروں کی مرمت کے اخراجات میں کمی لے کر آئے ہیں اور ایک سنگ میل کے تحت پی آئی اے دوسرے ممالک کے طیاروں کی مینٹینس اور اووہالنگ کررہا ہے جس سے ادارے کو کروڑوں روپے روینیو حاصل ہورہا ہے ۔