اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے اپنے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ یوم آزادی کو یوم جدوجہد آزادی کے دن کے طور پر منائیں، پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور ایم ایم اے کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) آج ملک بھر میں یوم جدوجہد آزادی کے طور پر منائے گی، مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ عوام کے مینڈیٹ پہ ڈاکہ ڈالنے والے
اس خوش فہمی میں نہ رہیں کہ ہم حکومت کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم انہیں دکھائیں گے کہ اپوزیشن کیسے ہوتی ہیں، ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ جعلی طریقے سے آنے والوں سے تبدیلی کی امید رکھنا خام خیالی ہے، انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو ایک ایجنڈے کے تحت ملک پر مسلط کیا گیا ہے تاکہ ہم سیاسی لوگ خود فیصلے نہ کرسکیں بلکہ فیصلوں کا اختیار کسی اور کو دیا گیا، مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ ہم سیاسی اور معاشی طور پر بھی آزاد نہیں ہیں۔