اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن 2018ء میں واضح برتری حاصل کی ہے، تحریک انصاف کی قیادت چاہتی ہے کہ پاکستان میں مثبت تبدیلی لائی جائے، اسی حوالے تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے بھی تجاویز دی ہیں، نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ 60 سال سے زائد عمر کے تمام شہریوں کو ملک بھر میں پاکستان ریلوے اور لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان میٹرو میں مفت سفری
سہولیات میسر ہونی چاہئیں، اس کے علاوہ نعیم الحق نے اپنے پیغام میں لکھا کہ تمام پنشنرز کو پنشن ان کے گھر پر یا بینک کے اکاؤنٹ میں ملنی چاہیے نہ کہ وہ بینکوں میں لمبی قطاروں میں لگ کر پنشن حاصل کریں۔ تحریک انصاف کی حکومت اپنے پہلے 100 دنوں میں عوامی مفادات اور بہتری کے لیے کیا کیا اقدامات اٹھاتی ہے اس کا فیصلہ تو آنے والے وقت میں ہی ہو گا لیکن جو بیانات اور تجاویز سامنے آ رہی ہیں وہ انتہائی حوصلہ افزا ہیں۔