اسلام آباد (نیوز ڈیسک) تحریک انصاف نے عام انتخابات سے قبل ہی اپنے سو روزہ پلان کا اعلان کیا تھا جس میں ایک کروڑ نوکریاں دینے کا بھی ذکر تھا، تحریک انصاف کو اس پر شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ اسی حوالے سے ن لیگ کے رہنما اور سابق گورنر سندھ محمد زبیر جو کہ اسد عمر کے بھائی بھی ہیں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں ایک اخبار کی خبر شیئر کی ہے اور اسد عمر پر تنقید
کی ہے، اس خبر کی شہ سرخی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے پہلے 100 روز میں عوام کو کوئی ریلیف ملنے کا امکان نہیں ہے۔ اس پر اسد عمر کے بھائی جو کہ ان سے سیاسی نظریات میں اختلاف رکھتے ہیں نے کہا کہ ایسی خبریں الیکشن کے بعد ہی سامنے آ رہی ہیں جبکہ الیکشن سے پہلے پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آنے کے بعد پہلے 100 روز میں ہی عوام کو ریلیف دینے کا وعدہ کیا تھا۔