کراچی (نیوز ڈیسک)پی آئی اے کا فضائی آپریشن شدید بدنظمی کا شکار ہوگیا، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز3گھنٹے جبکہ ٹورنٹو کی پرواز12 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔تفصیلات کے مطابق باکمال لوگ لاجواب سروس کے دعویدار ادارے پی آئی اے کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا، کراچی سے اسلام آباد جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے308تین گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار رہی۔اس کے علاوہ کوالالمپور سے کراچی آنے والی پرواز بیس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہے۔
کراچی سے ٹورنٹو جانیوالی پرواز پی کے783بارہ گھنٹے گزرنے کے باوجود روانہ نہ ہوسکی، طیارہ کی صبح ساڑھے 3 بجے روانگی متوقع ہے، پروازوں کی روانگی میں تاخیر پر ایئرپورٹ پر مسافروں نے احتجاج کیا اور انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔علاوہ ازیں پیرس سے آنے والی پرواز پی کے750تین دن بعد بھی روانہ نہ ہوسکی، متبادل طیارہ نہ ہونے سے400مسافر3دن سے پیرس میں پھنسے ہوئے ہیں، پی آئی اے کو مسافروں کی ہوٹلنگ پر لاکھوں روپے نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے