اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ سٹیل ملزم اور فلیگ شپ ریفرنسز میں احتساب عدالت میں پیشی، پولیس اہلکار سے گولی چل گئی، اہلکارسے فوری طور پر اسلحہ لیتے ہوئے ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کوالعزیزیہ سٹیل ملزم اور فلیگ شپ ریفرنسز میں پیشی کیلئے اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت لایا گیا اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نواز شریف کو بکتر بند گاڑی میں عدالت لایا گیا جبکہ عدالت کے باہر پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری
تعینات تھی جبکہ میڈیا نمائندے بھی نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر موجود تھے۔ احتساب عدالت نمبر2 کے جج محمد ارشد ملک نے سابق وزیراعظم کو ریفرنسز میں عدالت طلب کر رکھا تھا،اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے،میڈیا نمائندوں نے عدالت سے رسائی نہ دینے پر شدید احتجاج کیا جبکہ اسی دوران عدالت کے باہر سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکارسے اچانک گولی چل گئی جس پر انتظامیہ نے فوری طور پر پولیس اہلکار سے اسلحہ لیکر اسے ڈیوٹی سے ہٹا دیا ہے۔