لاہور (نیوز ڈیسک) معروف صنعت کار میاں منشا ء کونیب لاہور نے 95 ملین ڈالرز منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں 17 اگست کو طلب کر لیا ہے، اس سلسلے میں نشاط گروپ کا کہنا ہے کہ مخصوص حلقوں کی طرف سے جھوٹی، فضول اور بغض پر مبنی مہم جاری ہے جس کا مقصد صرف نشاط گروپ کو بدنام کرنا ہے۔ نشاط گروپ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ مخصوص حلقے نشاط گروپ کے اسپانسر میاں محمد منشا کی ذاتی شہرت کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور اب سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب برطانیہ کے حصول کے سلسلے میں
چیلنجز پیدا کیے جا رہے ہیں، نشاط گروپ کے مطابق ایسی کوششیں ماضی میں ناکام ہو چکی ہیں، خصوصاً اس ہوٹل کے خلاف بنائے گئے کیس کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا ایک بینچ مسترد کر چکا ہے۔ نشاط گروپ کے مطابق میاں منشاء کی شہرت کو نقصان پہنچانے میں ناکامی کی وجہ سے مایوس ان حلقوں کی جانب سے ایک من گھڑت، فضول شکایت نیب میں دائر کی ہے اور یقین ہے کہ یہ کوشش بھی ناکام ہوگی۔ واضح رہے کہ میاں منشاء کو 17 اگست کو ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر سوالات کے جواب دینے کا کہا گیا ہے۔