لاہور( نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کی قیادت کے درمیان آئندہ ایک دو روز میں ملاقات متوقع ہے جس میں (ق) لیگ کو مرکز اور پنجاب میں نمائندگی دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوگا ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں کے درمیان ابتدائی طور پر رابطے ہوئے ہیں جس میں وفاق خصوصاً پنجاب میں حکومت سازی کے امور بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان اور (ق) لیگ کی قیادت کے درمیان آئندہ ایک دو روز
میں ملاقات متوقع ہے جس میں حکومت سازی کے امور پر بات چیت کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اپنی اتحادی ( ق) لیگ کو مرکز اور پنجاب کابینہ میں نمائندگی دینے کیلئے تیار ہے جس میں (ق) لیگ کوایک وفاقی وزیر اور وزیرمملکت کاعہدہ دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ پنجاب میں بھی (ق) لیگ کو وزیر اورایک مشیرکاعہدہ دیا جا سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ق) پنجاب میں بڑے منصب کے لئے بھی کوشاں ہے اور اس کے آزاد امیدواروں اور لیگی اراکین سے رابطے اسی سلسلے کی کڑی ہے۔