اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے تحریک انصاف کے 9 یونیورسٹیاں بنانے کے دعوے کا بھانڈہ پھوڑ دیا ہے، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس صرف چار یونیورسٹیوں کی رجسٹریشن ہوئی ہے۔ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے صوبے میں نو یونیورسٹیاں تعمیر نہیں کیں۔ تحریک انصاف اپنے پانچ سالہ خیبرپختونخوا کے دور اقتدار میں 9 یونیورسٹیاں بنانے کا دعویٰ کر رہی ہے، تحریک انصاف جن یونیورسٹیوں کا دعویٰ
کر رہی ہے ان میں ویمن یونیورسٹی صوابی، وویمن یونیورسٹی مردان، شہدائے آرمی پبلک سکول یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ، یونیورسٹی آف بونیر، ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، یو ای ٹی مردان اور یونیورسٹی آف سائینس اینڈ ٹیکنالوجی لکی مروت، یونیورسٹی آف چترال اور ڈیرہ اسماعیل کی زرعی یونیورسٹی شامل ہیں، بعض ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ رجسٹریشن صرف 4 یونیورسٹیوں کی ہوئی ہے لیکن 9 یونیورسٹیاں موجود ہیں۔