حافظ آباد (آئی این پی)حافظ آباد میں شادی کی تقریب کے دوران میں بااثر افراد نے فائرنگ کرکے خواجہ سرا کو قتل کر دیا۔پنجاب کے شہر حافظ آباد میں شادی کی تقریب کے دوران چھیڑ چھاڑ سے منع کرنے پر بااثر افراد نے فائرنگ کرکے خواجہ سرا کو قتل کردیا۔ فائرنگ کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی، جب کہ خواجہ سرا کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعہ کے بعد خواجہ سراؤں کی جانب سے شدید احتجاج اور انتظامیہ سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا گیا۔
خواجہ سراؤں کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس ثاقب نثار اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری رضوی واقعہ کا نوٹس لیں اور ملوث افراد کو گرفتار کیا جائے۔ خواجہ سراؤں کا مزید کہنا تھا کہ نگراں حکومت انصاف کا عمل یقینی بنائے۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے بھی مختلف شہروں میں خواجہ سراؤں کے قتل کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ اس سے قبل مئی میں مانسہرہ اور مارچ میں خیبر پختونخوا کے علاقے میں خواجہ سراؤں کو نامعلوم افراد نے گولی مار کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔