راولپنڈی(این این آئی) سابق وزیراعظم نوازشریف نے اڈیالہ جیل میں فلاحی کام کروانے کا فیصلہ کرلیا۔میڈیارپورٹ کے مطابق راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے اڈیالہ جیل میں فلاحی کام کروانے کا فیصلہ کیا ہے. اس حوالے سے انہوں نے جیل انتظامیہ سے بات چیت بھی کی اوراپنے ذاتی اسٹاف کو جیل میں فلاحی کاموں کا ٹاسک فوری مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔
نوازشریف نے جیل انتظامیہ سے جیل میں موجود جرمانہ ادا نہ کرسکنے والوں کی فہرست طلب کرلی جس کے بعد وہ اپنی جیب سے پیسے ادا کرکے قیدیوں کو رہائی دلوائیں گے۔ سابق وزیراعظم نے جیل انتظامیہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیل میں پانی کے لیے بورنگ کروائیں گے اور جس قیدی بیرک کے باہرشیڈ نہیں ہے وہ بھی تیار کروائیں گے۔ڈپٹی سپریٹنڈنٹ جیل نے نواز شریف کے اسٹاف کو تفصیلات فراہم کردیں۔ جیل ذرائع نے بتایا کہ جرمانے کی عدم ادائیگی پر جیل میں بند غریب قیدیوں کی فہرست تیار کی جارہی ہے ٗاگر نواز شریف قیدیوں کا جرمانہ ادا کریں گے تو بہت سے قیدیوں کو رہائی مل جائے گی۔واضح رہے کہ احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نواز شریف کو دس سال قید، ان کی صاحبزادی مریم نوازکوسات سال اورداماد کیپٹن (ر) صفدرکو ایک سال کی سزا سنائی گئی ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں ایک ہفتہ ہوگیا ہے، سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرمریم نواز کوسہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کرنے کا فیصلہ گیا تھا تاہم مریم نواز نے تاحال سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل ہونے پررضامندی نہیں دی ۔