چنیوٹ (نیوز ڈیسک) سیاستدان انتخابات جیتنے کے بعد حلقوں سے ایسے غائب ہوتے ہیں جیسے گدھے کے سر سے سینگ، جب انتخابی مہم کا وقت ہوتا ہے تو یہی سیاستدان اپنے ووٹروں کو مختلف حیلے بہانوں سے رام کرتے ہوئے نظر آتے ہیں، موجودہ انتخابی مہم میں امیدواروں کو اپنے حلقے کے ووٹروں کی جانب سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ووٹر سرعام گاڑی روک کر حلقے کے نمائندے سے پوچھتے ہیں کہ آپ نے ہمارے لیے اور ہمارے اس حلقے کے لیے کیا کیا ہے،
آپ اب کس منہ سے ووٹ مانگنے کے لیے آئے ہو لیکن امیدوار پھر بھی ووٹروں کو سبز باغ دکھا کر ووٹ دینے کے لیے آمادہ کرنے میں مصروف ہیں، ایسا ہی کچھ مسلم لیگ (ن) کے ایک امیدوار نے کیا، انہوں نے ووٹ حاصل کرنے کے لیے آنسو بہانا شروع کر دیے۔ واضح رہے کہ چنیوٹ کے حلقہ این اے 100سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار قیصر احمد شیخ ووٹرز کے درمیان پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے اور اپنی پانچ سالہ ناقص کارکردگی پر لوگوں سے معافیاں بھی مانگتے رہے۔