راولپنڈی (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر جو کہ اڈیالہ جیل میں ہیں، جمعرات کا دن ان سے ملاقات کے لیے تھا اور ملاقاتی 4 بجے تک ان سے ملاقات کر سکتے تھے، اس موقع پر سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق بھی آئے مگر جیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سے الجھ پڑے۔ واضح رہے کہ شریف خاندان کے آٹھ افراد اور لیگی رہنماؤں سمیت وکلاء نے بھی ملاقات کی، جب سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ملاقات کے
لیے جیل پہنچے تو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے گاڑی کی تلاشی دینے کو کہا، جس پر سابق سپیکر ان سے الجھ پڑے، سابق سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ گاڑی کی تلاشی نہیں دوں گا، اس کے جواب میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ نے ان سے کہا کہ تلاشی کے بغیر آپ گاڑی اندر نہیں لے جا سکتے۔ ایاز صادق نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کی اس بات پر اپنے سٹاف کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کا نام نوٹ کرو اور ایاز صادق نے خود ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سے کہا میں آپ کو دیکھ لوں گا۔