کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کو 5 لاکھ ٹیکس ادائیگی کا دعویٰ مہنگا پڑ گیا ۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں چند ہی روز باقی رہ گئے ہیں اور سیاسی حریف ایک دوسرے کو زیر کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے۔ایسا ہی ایک ٹاکرا ہوا کراچی میں پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے درمیان کراچی کے علاقے ڈیفنس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران جس میں رہائشیوں نے پی ایس 111 کے امیدواروں کو مدعو کیا تھا۔
ذرائع آمدن اور ٹیکس ادائیگی پر بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل نے بڑے وثوق سے ساڑھے 5 لاکھ روپے ٹیکس ادا کرنے کا دعویٰ کیا۔تاہم اس دعوے کو پیپلزپارٹی کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ کے حوالے کے ساتھ غلط ثابت کردیا۔انہوں نے کہا کہ عمران اسماعیل نے ایک لاکھ تراسی ہزار روپے ٹیکس بھرا ہے، وہ اب صادق اور امین نہیں رہے۔ہال میں قہقہے لگتے رہے اور اون گول ہوجانے پر عمران اسماعیل چپ سادھے بیٹھے رہ گئے۔