اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں پانچ روز ہو چکے ہیں، ایک نجی ٹی وی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ باپ بیٹی کو جیل کے ماحول میں ایڈجسٹ ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے،
دوسری طرف ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مریم نواز کو جلد ہی سہالہ ریسٹ ہاؤس میں منتقل کیا جا سکتا ہے۔ میاں نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں حبس اور شدید گرمی کی وجہ سے شدید پریشانی کا سامنا ہے، جیل انتظامیہ کے مطابق میاں نواز شریف نے جیل میں مچھروں کی بھرمار پر بھی انتظامیہ سے بات کی ہے،جس پر انتظامیہ کا کہنا ہے کہ برسات میں جیل کے اندر روزانہ شام کو مچھر مار اسپرے کیا جاتا ہے، جیل ذرائع کے مطابق نواز شریف مشقتی کے ہاتھوں تیار ہونے والا کھانا کھا رہے ہیں جبکہ جیل سے دونوں باپ بیٹی کو منرل واٹر بھی مہیا کیا جا رہا ہے، جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں تمام دستیاب سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کا ہر لحاظ سے خیال رکھا جا رہا ہے سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو آج یا کل سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل کیا جا سکتا ہے، سہالہ ریسٹ ہاؤس کو پہلے ہی سب جیل قرار دیا جا چکا ہے، وہاں سکیورٹی بھی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔