اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماء سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ داعش فیصلہ کر رہی ہے کہ کون انتخابی مہم چلائے گا اور کون نہیں، بلاول کو پشاور میں جلسے سے روکا جارہاہے،
پرویز خٹک نے پیپلز پارٹی کو نہیں پورے عوام کو گالی دی۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء پرویز خٹک نے جس طرح کی زبان پیپلز پارٹی کیخلاف استعمال کی ہے وہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ معلوم نہیں کہ پرویز خٹک کی کیا مجبوری تھی اور وہ کس موڈ میں تھے۔ رحمن ملک نے کہا کہ پرویز خٹک نے پیپلز پارٹی کو نہیں پورے عوام کو گالی دی ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش فیصلہ کررہی ہے کہ کون انتخابی مہم چلائے گا اور کون نہیں۔ رحمن ملک کے مطابق بلاول بھٹو اور پیپلز پارٹی کو داعش کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ آپ جلسہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کو پشاور میں جلسہ کرنے سے روکا جارہا ہے۔ ہمارے مخالف وہاں انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ملنے والی دھمکیوں کے حوالے سے رحمن ملک نے کہا کہ الیکشن کمیشن اس معاملے کی انکوائری کررہا ہے۔