اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کیے جانے والے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف اور ان کی صاحب زادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل پہنچا دیا گیا ہے، دونوں مجرموں کو قیدی نمبر الاٹ کرکے بیرکوں میں بھیج دیا گیا۔ نوازشریف کو اسی سیل میں منتقل کیاگیا ہے جہاں سابق وزیر اعظم یوسف رضاگیلانی نے قید کاٹی تھی، اڈیالہ جیل میں مجرم مریم نواز کو خواتین کے سیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نواز شریف اور ان کی صاحبزادی
مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں صرف قید ہی نہیں کاٹنی بلکہ مشقت بھی کرنا پڑے گی کیونکہ احتساب عدالت کی جانب سے انہیں قید بامشقت کا حکم سنایا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کیلئے جیل میں مشقت کیلئے چند امور منتخب کئے گئے ہیں تاہم ابھی جیل انتظامیہ نے فیصلہ نہیں کیا کہ ان کو کونسا کام سونپا گیا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کیلئے جیل میں باغبانی ، قیدیوں کو پڑھانے ، کچن کی صفائی اور قیدیوں کی حجامت کا کام سونپا جا سکتا ہے۔