اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نواز شریف کی واپسی سے چند گھنٹے قبل شہباز شریف کا اندرون لاہور کے نامعلوم مقام سے ویڈیو پیغام جاری ، نماز جمعہ کے بعد لاہور گیٹ لاہور سے ہزاروں کارکنوں کیساتھ ائیرپورٹ کی جانب روانہ ہونے کا اعلان ، کارکنوں سے نماز جمعہ کے بعد لاہور گیٹ پہنچنے کی اپیل ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب ، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی
جانب سے نواز شریف کی واپسی سے چند گھنٹے قبل ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے ۔ اپنے ویڈیو پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام تر سیاستی جبر ، کارکنوں و رہنمائوں کی گرفتاریوں کے باوجود نواز شریف کے استقبال کیلئے میری قیادت میں ن لیگ کے ورکر ائیرپورٹ کی جانب سے روانہ ہونگے۔ نواز شریف اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور عوامی حقوق کی جنگ لڑنے آرہے ہیں۔ میں اس وقت اندرون لاہور میں ایک جگہ موجود ہوں اور مجھے اردگرد سے اطلاعات مل رہی ہیں کہ کارکن جمع ہونا شرو ع ہو گئے ۔ ہم انشا اللہ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ائیرپورٹ کی جانب نواز شریف کے استقبال کیلئے روانہ ہونگے۔ ویڈیو میں شہباز شریف انتہائی تھکے ہوئے دکھائی دے رہے تھے، ایسے معلوم ہو رہا تھا کہ رات بھر جاگتے رہے ہوں۔ دوسری جانب پشاور سے امیر مقام کی قیادت میں سینکڑوں کارکنوں کا قافلہ لاہورکیلئےروانہ ہو گیا ہےلاہور روانگی سے قبل امیر مقام کی جانب سے کالے بکرے کا صدقہ بھی دیا گیا ہے۔دوسری جانب نگران وزیر اطلاعات علی ظفر نے سابق وزیر اعظم نوازشریف اور مریم نواز کو ابوظہبی میں ہی گرفتار کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی حکام کو بیرون ملک گرفتاریوں کا کوئی اختیار نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات علی ظفر نے
واضح کیا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور مریم نوازکوابوظہبی میںگرفتار نہیں کیا گیا ہے، اس حوالے سے خبریں بے بنیاد اورحقائق کے منافی ہیں۔نگران وزیر اطلاعات علی ظفر کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام کو بیرون ملک گرفتاریوں کا کوئی اختیار نہیں ہے۔اس سے قبل میڈیا میں یہ اطلاعات گردش کررہی تھی کہ نیب ٹیم کی جانب سے نوازشریف اور مریم نواز کو ابوظہبی ایئرپورٹ سے تحویل میں لئے جانے کا امکان ہے، دونوں کو وارنٹ گرفتاری دکھانے کے بعد تحویل میں لیا جائے گا۔