راولپنڈی(رئیس احمد خان) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمدخان کی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے تفصیلی ملاقات ہو ئی ، مسلم کانفرنس نے حالیہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کا اعلان کرد یا۔ کرپشن کو بے نقاب کرنے اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر تحریک انصاف کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اس موقع پر مسلم کانفرنس کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر مرزا محمد شفیق جرال ، مسلم کانفرنس کے سینئر رہنما ممبر اسمبلی ملک محمد نواز خان،مسلم کانفرنس کے مرکزی چیف آرگنائزر ممبر اسمبلی سردار محمد صغیر خان چغتائی، سابق وزیر حکومت مسلم کانفرنس مظفرآباد ڈویژن کے صدر دیوان علی خان، ممبر کشمیر کونسل سردار مختار خان عباسی، سابق مشیر حکومت سینئر قانون دان سردار عبدالرازق خان ایڈووکیٹ،ڈپٹی چیف آرگنائزر مسلم کانفرنس سردار عثمان علی خان، نائب صدر مسلم کانفرنس راجہ ظفر معروف، مسلم کانفرنس پونچھ ڈیژن کے صدر میجر (ر) نصراللہ خان اور صدر مسلم کانفرنس کے سیکرٹری راجہ عبدالجبار خان بھی ہمراہ تھے۔مسلم کانفرنس کے صدر سردار عتیق احمد خان کی سربراہی میں وفد کی عمران خان سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ بد ھ کو بنی گالہ میں ہونے والی اس ملاقات میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اور تحریک انصاف کے رہنماء نعیم الحق بھی موجود تھے۔ ایک گھنٹے سے زائد اس ملاقات میں آزادکشمیر کی صورتحال، تحریک آزادی کشمیر اورمہاجرین مقیم پاکستان کے آمدہ الیکشن میں شرکت کے امور زیر غور آئے۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کے دونوں حلقوں میں انتخابی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔ مسلم کانفرنس کے وفد نے کرپشن کو پاکستان میں کامیابی سے بے نقاب کرنے اور اپنے منشور میں تحریک آزادی کشمیر، مسئلہ کشمیر پر موثر انداز میں آواز بلند کرنے پر شکریہ ادا کیا اور الیکشن میں بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم کانفرنس کی ایڈوائزری کونسل کا اجلاس ممبر کشمیر کونسل سردار مختار عباسی کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا تھا۔ کونسل نے دو اہم بنیادی باتوں کے پیش نظر پاکستان کے الیکشن میں متفقہ اصولی فیصلہ کیا تھا۔ ایک اہم بات یہ کہ نواز لیگ نے میاں محمدنواز شریف کی سربراہی میں پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔دوسرا یہ کہ نواز لیگ نے نہ صرف گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے داخلی خود مختاری کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایابلکہ نریندر مودی، اجیت دوول اور سجن جندال کے ساتھ مل کر
تحریک آزادی کشمیر ، پاکستان کے دفاعی معاملات اور آبی حقوق کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ اسی بنیاد پر مسلم کانفرنس نے ہر سطح پر نواز لیگی امیدواروں کی مخالفت کا فیصلہ کیا تھا اور تحریک انصاف کی ہر ممکنہ حمایت کا فیصلہ کیا گیا۔ ملاقات کے بعد صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے سینئر رہنماؤں کے ساتھ گفتگو میں آزاد جموں وکشمیر اور پاکستان میں مقیم کشمیریوں ، اوورسیز کشمیریوں سے اپیل کی ہے کہ آمدہ الیکشن میں پاکستان اور تحریک آزادی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والی قوت مسلم لیگ نواز کا راستہ روکنے کے لیے عمران خان کے ہاتھ مضبوط کریں۔