اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت داخلہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی نیب کی درخواست نامکمل قراردے کر واپس کر دی ہے اور مکمل کوائف فراہم کرنے تک ریڈ وارنٹ کے اجراء کے لئے انٹرپول سے رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق وزیر اعظم کے دونوں بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کے لئے نیب کی درخواست
نامکمل قرار دے کر واپس کر دی ۔نیب کی جانب سے مکمل کوائف فراہم کرنے تک وزارت داخلہ نے انٹرپول سے رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دونوں بیٹے احتساب عدالت میں زیر سماعت ایون فیلڈ ریفرنس میں مسلسل غیر حاضری کے باعث اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں اس لئے نیب نے دونوں ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے اور انٹرپول کے ذریعے گرفتار کر کے وطن واپس لانے کے لئے وزارت داخلہ کو درخواست دی تھی ۔