اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی نےگزشتہ روز کے اندوہناک سانحہ کے بعد آج صبح میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھرپور انداز میں پشاور کے علاقے یکہ توت میں اے این پی کی ریلی میں خودکش حملے اور ہارون بلور سمیت اے این پی کارکنوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے این پی کی جانب سے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل جاری رہنا چاہئے، اے این پی تین روزہ سوگ کے بعد انتخابی عمل کو وہیں سے شروع کرے گی
جہاں سے منقطع ہوا تھا۔ اس موقع پر اسفندیار ولی نے دہشتگردوں کو للکارتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے ذمہ داری قبول کی ہے میں ان سے کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اگر خود کو پختون کہتے ہیں تو میدان میں آئیں ، پیٹ پیچھے سے وار نہ کریں جیسے انہوں نےگزشتہ روز کیا ۔ آمنے سامنے آکر مقابلہ کریں پتہ چل جائیگا کہ کون رہتا ہے۔ اسفندیار ولی کا کہنا تھا کہ بلور خاندان پر دہشتگرد اس لئے حملے کر رہے ہیں کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ جب تک بلور خاندان ہے پشاور میں دہشتگردوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہو سکتے۔